غیر قانونی مقیم غیر ملکی اب نہیں بچیں گے، کریک ڈاؤن میں تیزی کا فیصلہ

غیر قانونی مقیم غیر ملکی اب نہیں بچیں گے، کریک ڈاؤن میں تیزی کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف جاری آپریشن کو مزید مؤثر اور تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق فیصلہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیرِ صدارت کاؤنٹر ٹیررازم کمیٹی اور ہارڈن دی اسٹیٹ کمیٹی کے تیسرے اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک میں غیر قانونی طور پر رہائش پذیر غیر ملکیوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو مزید منظم اور نتیجہ خیز بنایا جائے گا، جبکہ تمام متعلقہ ادارے نادرا کے ساتھ مل کر ’’ون ڈاکومنٹ سسٹم‘‘کو فوری اور مکمل طور پر نافذ کریں گے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نادرا ایگزٹ پوائنٹس پر لائیو ڈیٹا ویری فیکیشن کی سہولت فراہم کرے گا، تاکہ بارڈر مینجمنٹ کو بہتر اور شفاف بنایا جا سکے۔ انہوں نے زور دیا کہ غیر قانونی سپیکٹرم، گداگری اور بجلی چوری جیسے مسائل کے خاتمے کے لیے وفاقی و صوبائی اداروں کو مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔

محسن نقوی نے گداگری کو ایک منظم مافیا قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ملک کی بدنامی کا سبب بن رہا ہے، لہٰذا گداگری کو ناقابلِ ضمانت جرم قرار دینا وقت کی ضرورت ہے۔

اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ ملک بھر میں روزانہ 250 سے زائد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے جا رہے ہیں۔ وزارت توانائی کے حکام نے بتایا کہ وزارت داخلہ اور صوبائی حکومتوں کے تعاون سے اب تک 142 ارب روپے کی ریکوری ممکن ہوئی ہے۔

اجلاس میں تجاوزات کے خلاف جاری کارروائیوں، پاکستان پورٹ اتھارٹی کے قیام، گوادر سٹی میں سیف سٹی منصوبے اور پروٹیکشن وال کی پیشرفت کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

شرکاء کو بریفنگ دی گئی کہ دریائے سندھ پر ڈیجیٹل انفورسمنٹ اسٹیشنز کے قیام کا عمل جاری ہے، جبکہ موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر انٹیلیجنٹ ٹرانسپورٹیشن سسٹم متعارف کرانے پر بھی کام ہو رہا ہے۔

اجلاس میں غیر قانونی و اسمگل شدہ پیٹرول کی فروخت کی روک تھام کے لیے پٹرول پمپس کی ڈیجیٹلائزیشن پر بھی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ بتایا گیا کہ نئے قانون کے تحت کسٹمز اور ضلعی انتظامیہ کو پمپ سیل کرنے اور گاڑیاں ضبط کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔

اجلاس میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وزیر قانون پنجاب، مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا، وزیر داخلہ گلگت بلتستان، ڈی جی ایف آئی اے، چیف کمشنر اسلام آباد، چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے آئی جیز سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

Scroll to Top