اولمپک گولڈ میڈلسٹ اور پاکستان کے مایہ ناز جیولن تھرو ایتھلیٹ ارشد ندیم نے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ 2025 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کیا، جو انہوں نے افواجِ پاکستان کے نام کردیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم کا کہنا تھا، ’’میں اپنا یہ میڈل پاکستان کی افواج کے نام کرتا ہوں، قوم اور میرے گھر والوں کی دعاؤں سے یہ ممکن ہوا۔ جو بھی ہو، گولڈ گولڈ ہی ہوتا ہے۔‘‘
انہوں نے بتایا کہ عید کے بعد ان کا انگلینڈ کا دورہ متوقع ہے جہاں وہ ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں شرکت کریں گے۔ ’’میرا اگلا پلان کوچ کی ہدایت پر ہوگا، اور پوری کوشش کروں گا کہ جیت کر وطن واپس آؤں،’’ انہوں نے عزم کا اظہار کیا۔
ارشد ندیم نے پنجاب حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے گاؤں میں ایک اسپورٹس اسٹیڈیم تعمیر کیا جا رہا ہے۔ ’’میں نوجوانوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ وہ آئیں، اس اسٹیڈیم سے فائدہ اٹھائیں اور مجھ سے سیکھیں،’’ ان کا کہنا تھا۔
یاد رہے کہ جنوبی کوریا میں منعقدہ ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے جیولن تھرو ایونٹ میں ارشد ندیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کے لیے سونے کا تمغہ جیتا۔ یہ کارنامہ ایشین ایتھلیٹکس کی تاریخ میں پاکستان کے لیے 1973 کے بعد پہلا گولڈ میڈل ہے، جو بلاشبہ ملک کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے۔





