حلقہ پی پی 52 سمبڑیال کے ضمنی انتخاب 2025 میں مسلم لیگ (ن) کی امیدوار حنا ارشد وڑائچ بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگئیں۔ ریٹرننگ افسر کی جانب سے ان کی جیت کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل (دنیا نیوز) کے مطابق، حنا ارشد وڑائچ نے 78,702 ووٹ حاصل کر کے واضح برتری حاصل کی۔ ان کے مدمقابل پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار فاخر نشاط گھمن 39,018 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار راحیل کامران چیمہ کو 6,832 ووٹ جبکہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے محمد شفاقت نے 4,851 ووٹ حاصل کیے۔
سیاسی وارثت اور جشن کا سماں
یہ نشست مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی چوہدری ارشد وڑائچ کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔ کامیابی کے بعد حنا ارشد وڑائچ نے اپنی جیت وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور اپنے مرحوم والد کے نام منسوب کی۔ جیت کی خوشی میں ان کے گھر پر جشن منایا گیا، جہاں کارکنوں نے بھنگڑے ڈالے اور آتش بازی کی۔
تحریک انصاف کے دھاندلی کے الزامات، الیکشن کمیشن کا ردعمل
دوسری جانب پی ٹی آئی کے امیدوار فاخر نشاط گھمن نے انتخابی عمل کو متنازع قرار دیتے ہوئے دھاندلی کے الزامات عائد کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’پولنگ مکمل ہونے سے قبل ہی فارم 45 تیار کر لیے گئے، اور نتائج اپنی مرضی سے بنائے گئے۔ ہم یہ نتائج تسلیم نہیں کرتے اور پارٹی قیادت کے ساتھ مشاورت کے بعد اگلا لائحہ عمل طے کریں گے۔‘‘
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے دھاندلی کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کسی کے پاس ثبوت موجود ہیں تو انہیں فراہم کیا جائے۔ کمیشن نے یقین دہانی کرائی ہے کہ شواہد کی بنیاد پر صوبائی الیکشن کمشنر کارروائی کرے گا۔
علاوہ ازیں، الیکشن کمیشن نے پیپلز پارٹی کی جانب سے پولنگ اسٹیشنز کی بندش کے الزامات کو بھی بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیا ہے۔





