پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے الزام عائد کیا ہے کہ عام انتخابات کے بعد ایک بار پھر عوامی مینڈیٹ کو پامال کیا گیا ہے۔
سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ سمبڑیال میں ضمنی انتخاب یا دوبارہ پولنگ کے دوران پولنگ کے عمل میں شفافیت کی دھجیاں اڑائی گئیں۔ ’’8 فروری کے عام انتخابات کے بعد کل دوبارہ عوام کے ووٹ پر ڈاکا ڈالا گیا۔ سمبڑیال میں ہمارے پولنگ ایجنٹس کو پولنگ اسٹیشنز سے باہر نکال دیا گیا، جو جمہوری اصولوں اور قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی اس ’’ظلم‘‘کے خلاف آواز اٹھاتی رہے گی۔ ’’ہماری تحریک انصاف، شفافیت اور جمہوریت کی بحالی کے لیے جاری ہے اور جاری رہے گی،‘‘انہوں نے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا۔
تحریک انصاف کے مرکزی رہنما نے ووٹ کی حرمت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’’ریاست اور عام آدمی کے درمیان سب سے مضبوط رشتہ ووٹ کا ہے، مگر افسوس کہ آج پاکستان ووٹ چوری جیسے سانحے سے گزر رہا ہے۔لیکن ہم حق کی آواز بلند کرتے رہیں گے، کیونکہ یہ ہمارا فرض ہے۔‘‘
سلمان اکرم راجا کے ان بیانات کے بعد سیاسی حلقوں میں نئی بحث چھڑ گئی ہے، جبکہ سمبڑیال کے واقعے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ زور پکڑتا جا رہا ہے۔





