خیبر پختونخوا کے عوام خالی نعروں سے تنگ آ چکے ہیں، اب کارکردگی کا وقت ہے، شگفتہ ملک

پشاور: عوامی نیشنل پارٹی کی رہنما شگفتہ ملک نے خیبر پختونخوا کی موجودہ حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام اب صرف وعدوں اور نعروں پر اعتبار نہیں کرتے، اب انہیں ٹھوس اقدامات اور کارکردگی درکار ہے۔

ایک بیان میں شگفتہ ملک نے کہا کہ پچھلے بارہ سے پندرہ سال سے ایک ہی جماعت صوبے میں برسر اقتدار ہے، وفاق میں بھی ان کی حکومت رہی، لیکن اس کے باوجود زمینی حقائق مایوس کن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے صوبے کے عوام کو جلسے، جلوس اور بیانات کے سوا کچھ نہیں دیا۔

اے این پی رہنما نے تعلیمی بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کی جامعات شدید مالی مسائل کا شکار ہیں، فیکلٹی اور طلبہ مشکلات سے دوچار ہیں، اور اب یونیورسٹیوں کی زمینیں بیچنے تک کی باتیں ہو رہی ہیں، جو صوبے کے مستقبل پر سوالیہ نشان ہے۔

یہ بھی پڑھیں : تحریک آئین و قانون کی بالادستی اور بے گناہ قیدیوں کی رہائی کیلئے ہوگی، اسد قیصر

انہوں نے کہا کہ اگر حکومت اپنی کارکردگی بہتر نہ کر سکی تو عوام جلد خود احتساب کریں گے اور جواب طلبی ہوگی۔ شگفتہ ملک نے مطالبہ کیا کہ حکومت تعلیم، صحت، روزگار اور عوامی بہبود کے شعبوں میں فوری اور سنجیدہ اقدامات کرے تاکہ خیبر پختونخوا ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔

Scroll to Top