بنوں :عوام کو سیر و تفریح کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے پاکستان آرمی نے بنوں کینٹ میں واقع جناح پارک کو عام شہریوں کے لیے کھول دیا۔
پارک کے افتتاح کے موقع پر شہری بچوں کے ہمراہ بڑی تعداد میں موجود تھے اور پارک سے لطف اندوز ہوتے دکھائی دیے۔
افتتاحی تقریب میں کمانڈر 116 بریگیڈ بریگیڈیئر نوید احمد، کمشنر بنوں ڈویژن محمد علی شاہ، ڈپٹی کمشنر بنوں محمد فہیم، سی ای او واٹر اینڈ سینیٹیشن سروسز کمپنی محمد عمران خان، ٹی ایم او محمد یوسف خان سمیت عسکری و سول انتظامیہ کے افسران اور علاقائی عمائدین نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بریگیڈیئر نوید احمد نے کہا کہ بنوں کے عوام کو معیاری تفریحی سہولیات فراہم کرنے کے لیے جناح پارک میں تعمیراتی کام سول انتظامیہ کی نگرانی میں جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پارک نہ صرف شہریوں کو سیر و تفریح کے مواقع فراہم کرے گا بلکہ نوجوانوں کی ذہنی نشوونما میں بھی معاون ثابت ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور میں ٹریفک مسائل کے حل کے لیے رنگ روڈ پر انڈر پاسز کی تعمیر کا منصوبہ تجویز
شہریوں نے پارک کھولنے پر پاک فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پارک میں مزید سہولیات بھی فراہم کی جائیں تاکہ بچے بہتر انداز میں تفریح سے لطف اندوز ہو سکیں۔ جناح پارک کے کھلنے کو علاقے میں خوش آئند قدم قرار دیا جا رہا ہے۔