خواجہ آصف کی قسمت میں صرف ڈیسک بجانا لکھا ہے،اسد قیصر کا پارلیمنٹ میں دوٹوک جواب

خواجہ آصف کی قسمت میں صرف ڈیسک بجانا لکھا ہے،اسد قیصر کا پارلیمنٹ میں دوٹوک جواب

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے وزیر دفاع خواجہ آصف کی تنقید پر بھرپور ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی پائلٹ ابھینندن کی واپسی کا فیصلہ پارلیمنٹ نے کیا تھا، نہ کہ کسی ایک فرد نے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ’’خواجہ آصف کی قسمت میں صرف ڈیسک بجانا ہی لکھا ہے۔‘‘

قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ 2019 میں جب بھارت نے جارحیت کی تو پاکستان نے منہ توڑ جواب دیا۔ پی ٹی آئی حکومت نے اس نازک مرحلے پر ہر قدم پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا، جبکہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے اُس وقت کسی قسم کا بیان سامنے نہیں آیا۔

انہوں نے کہا کہ ابھینندن کی واپسی پارلیمنٹ کے اجتماعی فیصلے کا نتیجہ تھی، اسے یکطرفہ حکومتی اقدام قرار دینا حقائق کے منافی ہے۔

وزیر دفاع کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ’’آپ کبھی پارٹی کے سربراہ نہیں بن سکیں گے، آپ کی جماعت میں قیادت موروثی بنیادوں پر آگے بڑھ رہی ہے۔ پہلے نواز شریف، پھر مریم نواز، اور اب جنید کو تیار کیا جا رہا ہے۔‘‘

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) میں سیاسی وراثت کا کلچر مضبوط ہو چکا ہے، جبکہ تحریک انصاف نے اداروں اور پارلیمان کو مقدم رکھا۔

اسمبلی میں اسد قیصر کی یہ تقریر مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر تنقید اور 2019 کے واقعات کی وضاحت پر مرکوز رہی، جو ایوان میں موجود حکومتی بینچز کے لیے ایک چبھتا ہوا پیغام ثابت ہوئی۔

Scroll to Top