چیف الیکشن کمشنر اور دو الیکشن کمیشن ممبران کی تعیناتی کے معاملے پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کے خط کا باضابطہ جواب دے دیا ہے، جس میں پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل سے صاف انکار کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق قائدحزب اختلاف عمر ایوب نے اسپیکر کو ایک خط کے ذریعے چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کی تقرری کے لیے پارلیمانی کمیٹی بنانے کا مطالبہ کیا تھا۔ تاہم، اسپیکر ایاز صادق نے اپنے جواب میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ آئین کے مطابق ایسی کمیٹی وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی باہمی مشاورت سے ہی تشکیل دی جا سکتی ہے۔
ایاز صادق نے واضح کیا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کو آئینی طور پر کسی قسم کی پارلیمانی کمیٹی ازخود تشکیل دینے کا اختیار حاصل نہیں ہے، لہٰذا وہ اپوزیشن کے مطالبے پر عمل نہیں کر سکتے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی نئی تعیناتیوں کے لیے آئندہ دنوں میں سیاسی مشاورت کا سلسلہ مزید اہمیت اختیار کر جائے گا، اور حکومت و اپوزیشن کے درمیان اس حوالے سے پیش رفت پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔