موسم نے رت بدل لی، قہر ڈھاتی گرمی کو بریک لگ گئی،خیبرپختونخوا میں بارش کی پیشگوئی

موسم نے رت بدل لی، قہر ڈھاتی گرمی کو بریک لگ گئی،خیبرپختونخوا میں بارش کی پیشگوئی

خیبرپختونخوا کے کئی علاقوں میں موسم نے کروٹ لے لی ہے۔ جہاں ایک طرف بیشتر اضلاع اب بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، وہیں دوسری جانب بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی نے عوام کو سکون کا پیغام دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے میدانی اور جنوبی اضلاع میں موسم آئندہ چند روز تک شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ پشاور، ڈی آئی خان، بنوں، لکی مروت، ٹانک اور ہنگو جیسے علاقوں میں درجہ حرارت غیر معمولی حد تک بلند ہے اور گرمی کی شدت بدستور برقرار ہے۔

ادھر چترال، دیر (بالائی و زیریں)، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بونیر، صوابی، مردان، چارسدہ، نوشہرہ، کرک اور کوہاٹ میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے، جو درجہ حرارت میں کمی کا باعث بن سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ باجوڑ، مہمند، خیبر، کرم اور وزیرستان (شمالی و جنوبی) میں جزوی طور پر ابر آلود موسم کے ساتھ تیز ہواؤں اور بارش کا امکان ہے۔ میدانی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جس سے حد نگاہ متاثر اور صحت کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔

گزشتہ روز تیمرگرہ، دیر لوئر، کالام، دروش اور مینگورہ میں بارش ریکارڈ کی گئی، جب کہ مختلف شہروں کا درجہ حرارت کچھ یوں رہا:
پشاور: 42°
ڈی آئی خان: 44°
بنوں: 42°
کوہاٹ: 41°
چترال: 30°
دیر لوئر: 39°
دیر بالا: 33°
کالام: 23°
مالم جبہ: 25°
محکمہ موسمیات نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ شدید گرمی، ممکنہ گرد آلود ہواؤں اور آسمانی بجلی کے خطرات سے بچنے کے لیے مناسب احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ دھوپ سے بچاؤ کے لیے باہر نکلتے وقت سر کو ڈھانپیں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور بلا ضرورت دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں۔

Scroll to Top