پشاور: محکمہ ہائر ایجوکیشن، آرکائیوز اینڈ لائبریریز خیبرپختونخوا نے صوبے کے مختلف سرکاری گرلز کالجز میں تعینات 62 خواتین لیکچررز (BPS-17) کے تبادلوں اور نئی تعیناتیوں کے احکامات جاری کردیئے۔
محکمہ ہائر ایجوکیشن کی جانب سے 28 ستمبر 2026 کو جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق تمام تبادلے ای ٹرانسفر پالیسی کے تحت کیے گئے ہیں اور ان پر فوری طور پر عمل درآمد ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ خواتین لیکچررز کے تبادلے بہتر عوامی مفاد کے تحت کیے گئے ہیں۔ تبادلہ ہونے والی اساتذہ میں اردو، انگریزی، سیاسیات، کیمسٹری، نباتیات، نفسیات، ریاضی، فزکس، شماریات، زولوجی، جغرافیہ، اسلامیات، اکنامکس اور کمپیوٹر سائنس سمیت مختلف مضامین کی لیکچررز شامل ہیں۔
جاری کردہ احکامات کے تحت متعدد خواتین لیکچررز کو ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، نوشہرہ، صوابی، مردان، پشاور، بنوں، کوہاٹ، چترال، دیر، کرم اور دیگر اضلاع کے سرکاری گرلز کالجز میں تعینات کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں خواتین افسران کی تعیناتی و تبادلے، سرکاری اعلامیے جاری
محکمہ کی فہرست کے مطابق بعض لیکچررز کو اسی ضلع کے مختلف کالجز میں منتقل کیا گیا، جبکہ متعدد اساتذہ کے تبادلے ایک ضلع سے دوسرے ضلع کے سرکاری گرلز کالجز میں کیے گئے ہیں۔
تبادلہ پانے والے اداروں میں گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ گرلز کالج ایبٹ آباد، گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج ایبٹ آباد، گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج مانسہرہ، گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ گرلز کالج ہری پور، گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج نوشہرہ، گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج مردان، گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج بنوں، گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج سوات، گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کوہاٹ سمیت دیگر سرکاری کالجز شامل ہیں۔
محکمہ ہائر ایجوکیشن کی جانب سے نوٹیفکیشن کی نقول ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن خیبرپختونخوا، ڈائریکٹر آئی ٹی (HEMIS)، متعلقہ ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس افسران، کالجز کے پرنسپلز اور دیگر متعلقہ حکام کو بھی ارسال کردی گئی ہیں۔
محکمہ ہائر ایجوکیشن کے مطابق تمام تبادلے ای ٹرانسفر پالیسی کے تحت کیے گئے ہیں اور نوٹیفکیشن کے اجرا کے ساتھ ہی فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے۔





