نوشہرہ: ضلع نوشہرہ کے علاقے بدرشی محلہ الکویت میں کچے مکان کی چھت گرنے سے ایک خاتون جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں میں کمسن بچے بھی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق حادثے کے وقت مکان میں 4 افراد موجود تھے جو چھت گرنے کے باعث ملبے تلے دب گئے۔ امدادی کارروائی کے دوران تمام افراد کو ملبے سے نکال لیا گیا۔
حادثے میں 55 سالہ خاتون جاں بحق ہوگئیں، جبکہ زخمی ہونے والوں میں 5 سالہ بچی فاطمہ اور 3 سالہ بچہ موسیٰ بھی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : مری میں سکول بچوں کی سوزوکی بولان سڑک سے نیچے جاگری، 10 افراد زخمی
واقعے کے فوری بعد زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قاضی حسین میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیا گیا، جہاں انہیں ضروری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
مکان کی چھت گرنے کے واقعے کے بعد علاقے میں تشویش کی فضا پھیل گئی، جبکہ متاثرہ خاندان کو حادثے کے باعث شدید نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔





