پاکستان اور چین کے درمیان ٹیکنالوجی کی منتقلی اور صنعتی مہارت کے فروغ کے لیے پانچ سالہ تاریخی معاہدہ طے پا گیا ہے، جسے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے اسٹریٹجک معاشی تعاون کی اہم کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ معاہدہ اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے تحت پاک-چین صنعتی اشتراک کے فریم ورک میں ہوا، جس کا مقصد پاکستان کی پیداواری صنعت کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔ معاہدہ پاکستان انڈسٹریل سیونگ مشینز امپورٹرز اینڈ ڈیلرز ایسوسی ایشن اور چین کی گوانگ ڈونگ شو میکنگ مشینری ایسوسی ایشن کے درمیان طے پایا، جس کے تحت آئندہ پانچ سالوں کے دوران پاکستان میں جوتا سازی، چمڑے اور گارمنٹس کے شعبوں میں جدید چینی مشینری اور ٹیکنالوجی منتقل کی جائے گی۔
معاشی ماہرین کے مطابق یہ معاہدہ پاکستان کی برآمدی صنعت، بالخصوص فٹ ویئر اور گارمنٹس سیکٹر میں انقلابی تبدیلی کا باعث بنے گا۔ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے نہ صرف مصنوعات کے معیار میں بہتری آئے گی بلکہ پیداواری لاگت میں کمی اور برآمدات میں اضافہ بھی متوقع ہے، جو ملک کے لیے زرمبادلہ کے حصول کا مؤثر ذریعہ بن سکتا ہے۔
معاہدے سے مقامی صنعتکاروں کو ٹیکنیکل تربیت، ٹیکنالوجی تک رسائی اور بین الاقوامی مارکیٹ میں مسابقت کے نئے مواقع میسر آئیں گے، جب کہ ملک میں روزگار کے مواقع میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔
ایس آئی ایف سی حکام کے مطابق یہ معاہدہ صرف ٹیکنالوجی کی منتقلی نہیں بلکہ ایک جامع معاشی پارٹنرشپ کا حصہ ہے، جو پاک چین دوستی کو عملی معاشی ترقی میں بدلنے کی ایک نمایاں مثال ہے۔





