امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ سنسنی خیز بیانات کے بعد ایران کے معاملے کو سفارتی طور پر حل کرنے کی کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اہم اجلاس جمعہ کو طلب کرلیا گیا ہے جبکہ یورپی ممالک نے بھی ایران کے ساتھ جوہری معاملے پر مذاکرات کا اعلان کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سلامتی کونسل کا اجلاس ایران کی درخواست پر بلایا جا رہا ہے جسے پاکستان، چین اور روس کی حمایت حاصل ہے۔ اجلاس میں ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔
ادھر جنیوا میں بھی سفارتی سرگرمیاں جاری ہیں جہاں جرمنی، فرانس اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے ملاقات کریں گے۔
ذرائع کے مطابق یہ مذاکرات جمعہ کو ہوں گے جن کے بعد ماہرین کی سطح پر اسٹرکچرڈ ڈائیلاگ بھی ترتیب دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : کوئی ایرانی عہدیدار وائٹ ہاؤس کے دروازے پر جا کر نہیں گڑگڑایا، ٹرمپ کے دعوے پر ایران کا ردعمل سامنے آگیا
خبر ایجنسی کے مطابق جنیوا میں ہونے والی اس ملاقات پر امریکا نے بھی اتفاق کیا ہے۔ مذاکرات کا مقصد ایران کے ساتھ جوہری معاہدے سے متعلق خدشات کا ازالہ اور خطے میں امن قائم رکھنے کی کوششوں کو آگے بڑھانا ہے۔





