چارسدہ میں پولیو ٹیم اور پولیس پر فائرنگ، ملزم موقع پر گرفتار

چارسدہ: خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں انسدادِ پولیو مہم جاری ہے، تاہم ضلع چارسدہ میں پولیو ٹیم اور پولیس پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو موقع پر گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ تھانہ مندنی کی حدود میں پیش آیا، جہاں انسدادِ پولیو ڈیوٹی پر مامور ٹیم اور پولیس اہلکار موجود تھے۔

فائرنگ کے بعد پولیس فوری طور پر حرکت میں آئی اور کارروائی کرتے ہوئے ملزم شہزاد ولد نیک محمد، سکنہ جبگئی مالاکنڈ کو موقع پر ہی گرفتار کرلیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملزم نے مبینہ طور پر رشتہ نہ دینے کی رنجش پر ایل ایچ وی کو نشانہ بنایا اور اس پر فائرنگ کی۔ فائرنگ کے باعث ایل ایچ وی خوفزدہ ہوکر سڑک پر گر گئی، جس سے اسے معمولی چوٹیں آئیں۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا سمیت 115 اضلاع میں پولیو مہم شروع، کروڑوں بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف

پولیس کے مطابق واقعے کے دوران انسدادِ پولیو مہم پر مامور دیگر ایل ایچ ویز اور پولیس ٹیم محفوظ رہی، جبکہ بروقت کارروائی کے نتیجے میں ملزم کو فرار ہونے کا موقع نہیں ملا۔

واقعے کے بعد پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے اور فائرنگ کے واقعے سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ انسدادِ پولیو مہم کے دوران ٹیموں کو سیکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے اور ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں اور پولیو ورکرز کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

Scroll to Top