خیبر پختونخوا حکومت کا سرکاری ملازمین کیلئے 60 کروڑ روپے کے بلاسود قرضوں کا اعلان

اعجاز آفریدی

پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے مالی سال 2026-27 کے دوران سرکاری ملازمین کو بلاسود قرضے فراہم کرنے کیلئے مجموعی طور پر 60 کروڑ روپے مختص کردیئے۔

بینیولنٹ فنڈ سیل کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سول سیکریٹریٹ کے ملازمین کیلئے 35 کروڑ روپے جبکہ جنرل ملازمین کیلئے 25 کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ قرضہ اسکیم کے تحت بائی سائیکل، موٹر سائیکل، موٹر کار اور ہاؤس بلڈنگ ایڈوانس کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق موٹر سائیکل ایڈوانس کی حد 80 ہزار روپے، ہاؤس بلڈنگ ایڈوانس 2 لاکھ 50 ہزار روپے، موٹر سائیکل ایڈوانس کی ایک کیٹیگری 80 ہزار روپے جبکہ بائی سائیکل ایڈوانس 8 ہزار روپے تک ہوگا۔ قرضوں کی واپسی مختلف مقررہ ماہانہ اقساط میں کی جائے گی۔

قرضے کیلئے اہلیت کے حوالے سے نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ موٹر کار ایڈوانس کیلئے کم از کم 5 سال اور زیادہ سے زیادہ 55 سال، ہاؤس بلڈنگ ایڈوانس کیلئے کم از کم 10 سال اور زیادہ سے زیادہ 50 سال جبکہ موٹر سائیکل ایڈوانس کیلئے کم از کم 5 سال اور زیادہ سے زیادہ 55 سال کی سروس مقرر کی گئی ہے، جبکہ بائی سائیکل ایڈوانس کیلئے کوئی مخصوص اہلیتی شرط نہیں رکھی گئی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق قرضہ حاصل کرنے والے ملازمین سے اصل رقم اقساط میں وصول کی جائے گی، تاہم مقررہ شرائط کے تحت سود وصول نہیں کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : امن و امان کے پیش نظر اسلام آباد پولیس کو جدید نیٹ لانچر فراہم

ایک ملازم ایک وقت میں صرف ایک کیٹیگری کے تحت قرضہ حاصل کرسکے گا اور سابقہ قرض کی مکمل ادائیگی کے بعد ہی دوسری کیٹیگری کیلئے اہل ہوگا۔

محکمہ خزانہ کی جانب سے رقم متعلقہ انتظامی محکموں اور ضلعی افسران کے ذریعے مستحق سرکاری ملازمین تک پہنچائی جائے گی۔ دورانِ ملازمت وفات کی صورت میں باقی اقساط معاف کرنے کا معاملہ محکمہ خزانہ سے مشاورت کے بعد نمٹایا جائے گا۔

نوٹیفکیشن میں درخواستوں کی وصولی کیلئے 10 دسمبر 2026 آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ متعلقہ دفاتر درخواستوں کی جانچ پڑتال کے بعد انہیں 15 دسمبر 2026 تک بینیولنٹ فنڈ سیل کو ارسال کریں گے، جس کے بعد قرعہ اندازی کے ذریعے قرضوں کی فراہمی کا عمل مکمل کیا جائے گا۔

حکام نے واضح کیا ہے کہ نامکمل درخواستیں، مقررہ چینل کے علاوہ براہِ راست جمع کرائی گئی درخواستیں اور ملازمین کی جانب سے براہِ راست بینیولنٹ فنڈ سیل کو بھیجی گئی درخواستیں قابلِ قبول نہیں ہوں گی۔

Scroll to Top