امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے ایران کی تین اہم جوہری تنصیبات پر فضائی حملے کیے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ حملے ایران کے جوہری پروگرام کو محدود کرنے کے مقصد سے کیے گئے۔
صدر ٹرمپ کے مطابق امریکی فضائیہ نے ایران کے شہروں فردو، نطنز اور اصفہان میں قائم جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا۔
ٹرمپ نے کہا ہے کہ تمام حملے کامیابی سے مکمل کیے گئے اور امریکی طیارے ایران کی فضائی حدود سے باہر نکل کر بحفاظت وطن واپس آگئے ہیں۔
امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ دنیا میں کوئی اور فوج ایسی صلاحیت نہیں رکھتی جو اس طرح کا کامیاب آپریشن انجام دے سکے۔
فردو جوہری تنصیب پر بموں کا مکمل پے لوڈ گرایا گیا، یہ کارروائی ایران کی مبینہ جوہری سرگرمیوں کے خلاف ایک فیصلہ کن اقدام ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران پر حملے کی تیاری؟ امریکا نے بی 2 اسٹیلتھ بمبار طیارے متحرک کر دیے
صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ اب امن کا وقت ہے جس سے یہ عندیہ ملتا ہے کہ امریکا اس کارروائی کو ایران کے جوہری عزائم کے خلاف ایک حتمی انتباہ کے طور پر پیش کر رہا ہے۔





