ڈیرہ اسماعیل خان: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی جانب سے صوبائی اسمبلی توڑنے کے دعوے محض سیاسی بڑھکیں ہیں، دراصل وہ اقتدار کو “سونے کا انڈا دینے والی مرغی” سمجھتے ہیں اور کسی بھی صورت اقتدار چھوڑنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے یہ گفتگو ڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کی، جس میں ڈیرہ کے عوامی مسائل اور درپیش مشکلات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کا سارا نظام اس وقت صرف اقتدار بچانے پر مرکوز ہے، اور بجٹ منظوری کو بھی اسی مقصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
گورنر کا کہنا تھا کہ موجودہ صوبائی حکومت عمران خان سے براہ راست ہدایات حاصل نہیں کر سکتی، اس لیے علی امین گنڈاپور ہر ممکن راستہ اختیار کریں گے تاکہ حکومت برقرار رہے۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کی پولیٹیکل کمیٹی نے خیبرپختونخوا بجٹ کی منظوری کی توثیق کر دی
فیصل کریم کنڈی نے خیبرپختونخوا میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ صوبائی حکومت کی عدم توجہی اس مسئلے کو مزید پیچیدہ بنا رہی ہے، جو عوام کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔





