چارسدہ : خیبرپختونخوا ڈاکٹرز کونسل کے زیرِ اہتمام آج بروز ہفتہ ضلع چارسدہ کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹروں کی جانب سے مختلف اہم مسائل کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جا رہا ہے۔
ڈاکٹرز نے احتجاج کا آغاز آج 8 بجے سے کیا، جہاں وہ ایک گھنٹے تک معمول کے مطابق او پی ڈی میں مریضوں کا معائنہ کرتے رہے، تاہم بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر اپنے احتجاج کا اظہار بھی کرتے رہے۔ بعد ازاں اسپتالوں میں جنرل باڈی میٹنگز منعقد کی گئیں، جن میں آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی۔
احتجاج میں جن مسائل کو اجاگر کیا گیا، ان میں حالیہ سوات واقعہ، ریسکیو 1122 کی ناقص کارکردگی، چارسدہ میں ٹراما سینٹر کا قیام نہ ہونا، ڈاکٹروں پر غیر منصفانہ ٹیکسوں کا نفاذ، ہیلتھ کیئر کمیشن کی من مانی اور ہراسانی، پبلک سروس کمیشن کے تحت بھرتیوں میں تاخیر، ایم ٹی آئی نظام میں سول سرونٹس کی پوسٹوں کی بحالی، اور محکمہ صحت میں بدعنوانی و اقرباپروری شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : 26ویں آئینی ترمیم کے غیر جمہوری ثمرات آنا شروع ہو گئے ہیں، مینا خان آفریدی
خیبرپختونخوا ڈاکٹرز کونسل کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ احتجاج مکمل طور پر پرامن ہے اور اس کا مقصد ڈاکٹروں کے پیشہ ورانہ حقوق، عوامی مفاد اور صحت کے شعبے میں ضروری اصلاحات کے لیے آواز بلند کرنا ہے۔





