پشاورپاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات نے کہا ہےکہ آج مخصوص نشستوں پر حلف اٹھانے سے روکا گیا، جو کہ ایک اہم پیش رفت ہے۔
شیخ وقاص اکرم نے پشاور ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ لوٹ مار کرنے والے اب آپس میں لڑ رہے ہیں اور اس فیصلے سے پی ٹی آئی کو فائدہ ہوگا۔
شیخ وقاص نے بتایا کہ پارٹی کی لیگل ٹیم اس معاملے پر غور کر رہی ہے اور جلد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا، مخصوص نشستوں کے حوالے سے 26ویں آئینی ترمیم کے بعد صورتحال مختلف ہے، اور پی ٹی آئی اس پر مکمل قانونی راستہ اختیار کر رہی ہے۔
صحت کارڈ پروگرام پر بات کرتے ہوئے شیخ وقاص نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں صحت کارڈ کے تحت 103 سے زائد بیماریوں کا مفت علاج کیا جا رہا ہےلیکن پنجاب میں اس سہولت کو بند کر دیا گیا ہے، پنجاب میں صحت کارڈ پر داخل مریض بچوں کو اسپتالوں سے نکال دیا گیا اور ڈاکٹروں کی جانب سے بدترین کرپشن کی جا رہی ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ “ایک طرف 32 کروڑ روپے عرقِ گلاب سے سڑکیں دھونے کے لیے مختص کیے جا رہے ہیں، لیکن دوسری طرف نرسریوں اور عوامی فلاح کے منصوبوں کے لیے پیسے نہیں۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اس فیصلے کو مسترد کرتی ہے کیونکہ اس کا بوجھ براہ راست عوام پر پڑے گا۔
پنجاب حکومت پر تنقید کرتے ہوئے شیخ وقاص نے کہا کہ وہاں فسطائی سوچ غالب ہے اور پی ٹی آئی کے ایم پی ایز کے خلاف مسلسل سازشیں کی جا رہی یں۔
یہ بھی پڑھیں :پشاور ہائی کورٹ کا ایف سی کے ریٹائرڈ اہلکار کی پنشن بحال کرنے کا حکم
انہوں نے الزام لگایا کہ پنجاب کی جیلوں میں پی ٹی آئی کارکنوں پر بدترین تشدد کیا جا رہا ہے حتیٰ کہ قیدی مارنے لگے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد اور دیگر رہنماؤںکو ابھی تک سزا نہیں ہوئی ،ان پر جیلوں میں جو ظلم کیا جارہا اس کے خلاف انکوائری کرائی جائے۔





