پی ٹی آئی کی خیبرپختونخوا حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد زیر غور نہیں، رانا ثنا اللہ

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے واضح کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی خیبرپختونخوا میں صوبائی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا کوئی معاملہ زیر غور نہیں ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام “آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ” میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے خیبرپختونخوا حکومت گرانے کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت اور بانی کی امانت کو وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور بخوبی سنبھالے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے متعدد بار پی ٹی آئی کو مذاکرات کی پیشکش کی، لیکن پی ٹی آئی ہر بار انکار کرتی رہی۔ رانا ثنا اللہ کے مطابق پی ٹی آئی کا طرز سیاست اور ان کے فیصلے انہیں اس مقام پر لے آئے ہیں، اور اگر وہ اپنی صوبائی اسمبلیاں نہ توڑتے تو شاید 9 مئی جیسے واقعات پیش نہ آتے۔

رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی 2018 میں اسٹیبلشمنٹ کی مدد سے اقتدار میں آئی تھی اور اب دوبارہ اسی سہولت کی تلاش میں ہے، لیکن ان کا یہ خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے پی ٹی آئی کو یہ بھی کہا تھا کہ اگر وہ براہ راست بات نہیں کرنا چاہتے تو اسپیکر چیمبر میں ملاقات کر لیتے ہیں، لیکن پی ٹی آئی بات چیت کی بجائے ڈیڈلاک کو ترجیح دیتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : علاقائی صحافیوں کی مشکلات کو سمجھتے ہیں، ان کے لیے مزید سہولیات فراہم کریں گے ، بیرسٹر سیف

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر پی ٹی آئی پرامن احتجاج کرے اور قانون کو ہاتھ میں نہ لے تو احتجاج ان کا جمہوری حق ہے۔

واضح رہے کہ حال ہی میں خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے بیان دیا تھا کہ ان کی حکومت آئینی طریقے سے نہیں گرائی جا سکتی، اور اگر ایسا ہوا تو وہ سیاست چھوڑ دیں گے۔

Scroll to Top