جنوبی کوریا کے شہر جیونجو میں منعقدہ ایشین یوتھ گرلز نیٹ بال چیمپیئن شپ 2025 کا تاج پاکستان کے سر سج گیا۔
ٹورنامنٹ میں 11 ممالک کی ٹیموں نے شرکت کی اور فائنل میں پاکستان نے مالدیپ کو 35 کے مقابلے میں 60 گولوں سے شکست دے کر شاندار کامیابی حاصل کی۔
فائنل پاکستان کی مسلسل ساتویں فتح تھی جس کے ساتھ وہ پورے ٹورنامنٹ میں ناقابلِ شکست رہا۔
پاکستانی ٹیم کی اکثریت برطانیہ میں مقیم کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جنہوں نے پاکستان نیٹ بال اکیڈمی کے تحت تربیت حاصل کی۔
ٹیم کی نمایاں کھلاڑیوں میں لیا رضا شاہ، علیشا نوید، سمیہ کوثر، حلیمہ، یاسمین فاروق سمیعہ، علینہ، امانی اور پریسا شامل تھیں جنہوں نے فائنل میں بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے حریف ٹیم کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا۔
سیمی فائنل میں پاکستان نے جاپان کو 39 کے مقابلے میں 64 گولوں سے ہرایا جبکہ گروپ مرحلے میں سعودی عرب، چینی تائیپی، مالدیپ اور میزبان جنوبی کوریا کو شکست دی۔
یہ بھی پڑھیں:نانگا پربت مہم کے دوران غیر ملکی کوہ پیما کلارا کولوخووا جان کی بازی ہار گئیں
چیمپیئن شپ 27 جون سے 4 جولائی تک جاری رہی جس میں ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا، گروپ اے میں ملائیشیا، سنگاپور، سری لنکا، ہانگ کانگ اور بھارت شامل تھے جبکہ گروپ بی میں پاکستان، جاپان، مالدیپ، جنوبی کوریا، چینی تائیپی اور سعودی عرب نے حصہ لیا۔





