یوم عاشور تاریخ اسلام کا ایک عظیم اور سبق آموز دن ہے، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے یوم عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن تاریخ اسلام کا ایک عظیم، مقدس اور سبق آموز دن ہے جو ہمیں صبر، قربانی، اصول پسندی اور حق پر قائم رہنے کا درس دیتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ میدان کربلا کا معرکہ رہتی دنیا تک ایک دائمی پیغام ہے، حضرت امام حسینؓ نے اپنے خاندان اور جانثار رفقا کے ساتھ مل کر سچائی، عدل اور دین کی سربلندی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ان کی یہ قربانی پوری امت مسلمہ کا مشترکہ سرمایہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ امام حسینؓ کا پیغام صرف ان کے زمانے تک محدود نہیں بلکہ یہ ایک ہمہ گیر پیغام ہے جو قیامت تک انسانیت کے ضمیر کو روشنی دکھاتا رہے گا، یہ پیغام ہمیں یہ باور کراتا ہے کہ ایک سچا مسلمان ہمیشہ حق کے لیے کھڑا ہوتا ہے چاہے حالات کتنے ہی کٹھن کیوں نہ ہوں۔

وزیراعظم نے کہا ہے کہ اسلام کی اصل روح انسانی وقار، عدل، رحم، اصول پرستی اور حریت میں پنہاں ہے، حق کا راستہ بلاشبہ مشکل ہے لیکن یہی وہ راستہ ہے جو اللہ تعالیٰ کی رضا کا ذریعہ بنتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: یوم عاشور قربانی، صبر اور حق گوئی کا درخشاں باب ہے، صدر آصف زرداری

وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر قوم کو درپیش چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج جب ہماری قوم کئی آزمائشوں سے گزر رہی ہے، ہمیں حضرت امام حسینؓ کی سیرت سے رہنمائی لینے کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے، ہمیں اپنی قومی زندگی میں دیانت، برداشت، صبر، قربانی اور اصول پسندی جیسے اوصاف کو اپنانا ہوگا۔

Scroll to Top