اسلام آباد: وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی خان نے خیبرپختونخوا حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کو آئینی طور پر کمیٹی بنانے کا اختیار حاصل ہے، اور وہ صوبے کے عوام کی مشکلات کا بخوبی ادراک رکھتے ہیں۔
بیرسٹر گوہر کے بیان کا جواب دیتے ہوئے اختیار ولی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اربوں روپے فراہم کیے گئے، مگر بدقسمتی سے یہ فنڈز عوام کی فلاح کے بجائے اسلام آباد پر چڑھائی جیسے اقدامات پر خرچ کیے گئے۔
انہوں نے نجی ٹی وی دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئےالزام عائد کیا کہ خیبرپختونخوا حکومت ان فنڈز کے استعمال کا حساب دینے سے قاصر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قبائلی اضلاع کے وسائل پر گنڈا پور اور ان کے رشتہ دار قابض ہیں، اور یہ لوگ عوام کے پیسے کو اپنی عیاشیوں میں اڑا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی میں علی امین گنڈا پور کے کردار پر اختلافات شدت اختیار کر گئے، خواجہ آصف
اختیار ولی نے کہا کہ صوبائی حکومت کے فنڈز کو انتشاری سیاست کے فروغ کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے، جو عوامی اعتماد کے صریحاً منافی ہے۔
انہوں نے وفاقی حکومت کی جانب سے شفافیت اور عوامی مفاد کے تحفظ کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔





