پشاور: پاکستان تحریک انصاف خود کو نوجوانوں اور جدید سوچ کی جماعت قرار دیتی ہے، لیکن خواتین کی نمائندگی کے معاملے میں شدید تنقید کا نشانہ بنی ہوئی ہے۔
پیپلز پارٹی کی رہنما آسیہ جہانگیر نے پختون ڈیجیٹل پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی 51 فیصد آبادی یعنی خواتین کو پی ٹی آئی مکمل طور پر نظرانداز کر رہی ہے۔
آسیہ جہانگیر نے بتایا کہ نہ تو خیبرپختونخوا کی کابینہ میں کوئی خاتون وزیر شامل ہے اور نہ ہی کوئی خاتون مشیر، جبکہ بجٹ میں بھی خواتین کے لیے کوئی ٹھوس منصوبہ موجود نہیں۔
ان کے مطابق پی ٹی آئی نے اپنے دعوے کے برعکس خواتین کی بڑی تعداد کی حمایت حاصل کرنے کے باوجود انہیں سیاسی عمل سے باہر رکھا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں 12 سال سے نااہل حکومت ہے، ایک بھی ترقیاتی منصوبہ شروع نہیں کیا، اختیار ولی خان
خیبرپختونخوا کابینہ میں خواتین کی غیر موجودگی پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ مشعال یوسفزئی کو وقتی طور پر کابینہ میں شامل کیا گیا تھا، تاہم بعد میں ان سے بھی ذمہ داری واپس لے لی گئی۔
رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ خواتین کی نمائندگی اور ان کے حقوق کے تحفظ کے بغیر ملک میں حقیقی ترقی ممکن نہیں، اور سیاسی جماعتوں کو اس ضمن میں سنجیدہ اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔





