وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف امانت میں خیانت اور عوامی فنڈز کے مبینہ غلط استعمال پر مقدمہ درج کرانے کے لیے عدالت میں درخواست دائر کر دی گئی۔
نجی ٹی وی چینل (ایکسپریس نیوز)کے مطابق سیشن کورٹ پشاور نے مقدمے کے اندراج سے متعلق 22 اے کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 12 جولائی تک جواب طلب کر لیا ہے۔یہ درخواست ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عصمت اللہ وزیر کی عدالت میں سنی گئی۔
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے لاہور بار ایسوسی ایشن کو 5 کروڑ روپے کا فنڈ فراہم کیا، جو کہ خیبرپختونخوا کے عوام کی امانت تھا۔ وکیل کے مطابق، فنڈ کا اس طرح غیر متعلقہ استعمال آئین اور عدالتی فیصلوں کی خلاف ورزی ہے، اور اس سے صادق و امین ہونے کا معیار متاثر ہوتا ہے۔
درخواست گزار کا کہنا ہے کہ انہوں نے متعلقہ پولیس حکام کو مقدمہ درج کرنے کی درخواستیں دیں مگر تاحال کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی، جس کے باعث عدالت سے رجوع کیا گیا۔
عدالت نے تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 12 جولائی تک ملتوی کر دی ہے، جس میں آئندہ کارروائی کا فیصلہ متوقع ہے۔





