قومی احتساب بیورو (نیب) خیبر پختونخوا نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دو رہنماؤں سابق سینیٹراعظم سواتی اور وزیراعلی کے مشیراور رکن صوبائی اسمبلی امجد علی کوکرپشن کیسز کے الزامات میں طلب کرلیا۔
دونوں رہنماؤں کو الگ الگ نوٹسز جاری کئے گئےہیں ۔
نیب کی جانب سے جاری نوٹسز کے مطابق سابق سینیٹر اعظم سواتی کو کوہستان سکینڈل کے سلسلے میں نوٹس جاری کیا گیا ہے، انہیں 17 جولائی صبح 11 بجے نیب پشاور کے دفتر میں طلب کیا گیا ہے۔
نیب کا کہنا ہے کہ اعظم سواتی کی طرف سے گزشتہ پیشی پر جمع کرائے گئی دستاویزات نامکمل اور غیر تسلی بخش پا ئی گئیں جس کی وضاحت کے لیے انہیں دوبارہ طلب کیا گیا ہے۔

نیب کی جانب سے وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے ہاوسنگ امجد علی کو آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام میں طلب کیا گیا ہے۔

نیب نوٹس کے مطابق انہیں بھی 17 جولائی 2025 کو نیب پشاور کے دفتر میں طلب کیا گیا ہے اور ان سے اثاثوں کی تفصیل کے سمیت سوالنامے کے جوابات اور انکم ٹیکس گوشواروں کی تفصیل بھی مانگی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں شدید بارشوں کا ریڈ الرٹ جاری، ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ
واضح رہے کہ اعظم سواتی ایک دفعہ پہلے بھی کوہستان کرپشن کیس میں نیب خیبرپختونخوا میں پیش ہوچکے ہیں ۔ان پر الزام ہے کہ انہوں نے ضلع کوہستان میں سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ، ضلعی اکاؤنٹس آفس، آڈیٹر جنرل آفس اور نیشنل بینک کے افسران و اہلکاروں کی ملی بھگت سے 36 ارب روپے سے زائد عوامی فنڈز غیر قانونی طور پر نکلوائے اور ٹھیکیداروں یا دیگر افراد کے ساتھ مل کر خردبرد کیے۔





