26 نومبر احتجاج کیس! حاضر ملزمان کو چالان کی نقول فراہم، غیر حاضر افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری

26 نومبر احتجاج کیس! حاضر ملزمان کو چالان کی نقول فراہم، غیر حاضر افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری

انسداد دہشتگردی کی عدالت (اے ٹی سی) میں 26 نومبر احتجاج کیس کی سماعت کے دوران حاضر ملزمان کو چالان کی نقول فراہم کر دی گئیں جبکہ غیر حاضر افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے۔

نجی ٹی وی چینل (ہم نیوز)کیمطابق اے ٹی سی اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور دیگر رہنماؤں کے خلاف آزادی مارچ اور 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

پی ٹی آئی کی جانب سے سردار مصروف خان، مرتضیٰ طوری اور زاہد بشیر ڈار عدالت میں پیش ہوئے۔ دورانِ سماعت ان میں فرداً فرداً چالان کی نقول تقسیم کی گئیں۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ آئندہ سماعت پر ملزمان پر فردِ جرم عائد کی جائے گی۔ ساتھ ہی پراسیکیوشن کو ہدایت کی گئی کہ وہ اگلی تاریخ پر اپنا واضح مؤقف پیش کرے تاکہ مقدمے کی کارروائی مؤثر انداز میں آگے بڑھ سکے۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت کے لیے 26 جولائی کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔

یاد رہے کہ 26 نومبر 2022 کو پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد میں کیے گئے احتجاج اور آزادی مارچ کے دوران امن و امان کی صورتحال، عوامی املاک کو نقصان اور ریاستی احکامات کی خلاف ورزی کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

Scroll to Top