مردان : واٹر اینڈ سینیٹیشن سروسز کمپنی مردان (WSSCM) نے شہر میں اربن فلڈنگ کی روک تھام اور نکاسی آب کی بہتری کے لیے اہم اقدامات اٹھا لیے ہیں۔
ترجمان کے مطابق 43 ورکرز پر مشتمل ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے، جو بارش کے دوران اور بعد میں نکاسی آب کے نظام کو مؤثر طریقے سے چلانے کے لیے کام کرے گی۔
ترجمان نے بتایا کہ شہر کے آٹھ اہم ہاٹ سپاٹس پر نکاسی آب کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے خصوصی مانیٹرنگ ٹیمیں بھی تعینات کی گئی ہیں، جبکہ ڈی واٹر پمپس، جیٹنگ مشین اور دیگر ضروری سازوسامان ٹیموں کو فراہم کر دیا گیا ہے۔
شہر میں نکاسی آب کی صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے، اور اس سلسلے میں رات کے وقت بھی کمپنی کے منیجر میونسپل سروسز محمد اسحاق اور ڈپٹی منیجر اکرام اللہ نے مختلف ہاٹ سپاٹس کا دورہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں : گورنر خیبرپختونخوا کا بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
سی ای او شاہد خان کے مطابق شہریوں کو بہتر خدمات کی فراہمی کمپنی کی اولین ترجیح ہے، اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ بارش کے دوران صفائی کا خیال رکھیں اور نکاسی آب کے نظام کو متاثر کرنے والے عوامل سے گریز کریں تاکہ اربن فلڈنگ جیسے مسائل سے بچا جا سکے۔





