ویسٹ انڈیز کے معروف اور جارح مزاج آل راؤنڈر آندرے رسل نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ رسل رواں ماہ آسٹریلیا کے خلاف ہونے والی پانچ میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوران اپنے آخری انٹرنیشنل میچز کھیلیں گے۔
ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز 20 جولائی سے 28 جولائی تک جاری رہے گی، اور رسل 22 جولائی کو اپنے آبائی شہر جمیکا کے سبینا پارک میں آخری بار ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کریں گے۔
ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے رسل کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ آپ نے 15 سال تک ویسٹ انڈیز کی شان کے لیے دل و جان سے کھیل کر ہماری نمائندگی کی، ہم آپ کے شکر گزار ہیں۔
آندرے رسل نے اپنے انٹرنیشنل کیریئر کے دوران ویسٹ انڈیز کے لیے ایک ٹیسٹ، 56 ون ڈے اور 84 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے۔ وہ 2012 اور 2016 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کا بھی اہم حصہ رہے۔ ان کا شمار دنیا کے بہترین ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈرز میں ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ میں پاکستان کے دو کیوئسٹ کوارٹر فائنل پہنچ گئے
37 سالہ رسل نے 2019 کے بعد سے صرف ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ تک محدود رہتے ہوئے کئی ملکی و غیر ملکی لیگز میں اپنی دھاک بٹھائی۔
ان کی ریٹائرمنٹ ایسے وقت میں آئی ہے جب ویسٹ انڈیز ٹیم نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دے رہی ہے اور 2026 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاری میں مصروف ہے۔





