راولپنڈی اور دیگر پنجاب کے علاقوں میں شدید بارشوں نے جانی و مالی نقصان کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے متاثرہ علاقوں کو ہر ممکن فنی اور انسانی امداد فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔
نجی ٹی وی چینل (اے آر وائی )کے مطابق علی امین گنڈاپور نے اپنے بیان میں کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے صوبہ خیبرپختونخوا مکمل طور پر تیار ہے اور راولپنڈی سمیت پنجاب کے تمام متاثرہ علاقوں کو تکنیکی اور فنی امداد فراہم کرنے کو تیار ہے۔
انہوں نے بارشوں میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام پنجاب کے بھائیوں کے ساتھ ہر مشکل وقت میں کھڑے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی حالات کے پیش نظر الرٹ کر دیا گیا ہے، اور امدادی مشینری ہائی الرٹ پر ہے تاکہ متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو اس مشکل وقت میں متحد ہو کر عوامی خدمت کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
خیال رہے کہ راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے باعث ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے اور ندی نالوں میں طغیانی کے باعث خطرے کی گھنٹیاں بجائی جا رہی ہیں۔ ریسکیو 1122 نے مختلف مساجد میں آبادی کو خبردار کرنے کے لیے اعلانات شروع کر دیے ہیں کیونکہ نالہ لئی میں پانی کی سطح 20 فٹ تک بلند ہو چکی ہے، جو آبادی میں داخل ہونے کا باعث بن سکتی ہے۔
راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ اور مری روڈ کی اہم شاہراہیں زیرِ آب آ گئی ہیں جبکہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے سڑکوں پر ٹریفک متاثر ہو گئی ہے اور بجلی کی فراہمی بھی معطل ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ بارش کا سلسلہ آئندہ چند گھنٹوں تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر حفاظتی اقدامات جاری ہیں۔





