پشاور(رانی عندلیب )خیبر پختونخوا میں مون سون بارشوں کا سلسلہ شدت اختیار کر گیا ہے، محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارش، گرج چمک اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا کے مطابق شدید بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
بالائی اور وسطی اضلاع جیسے دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، مردان، صوابی اور نوشہرہ میں شدید بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ چترال، پشاور، چارسدہ، بنوں، ڈی آئی خان، وزیرستان اور دیگر علاقوں میں ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش متوقع ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے اور عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ ندی نالوں اور پہاڑی علاقوں سے دور رہیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور مقامی انتظامیہ سے معلومات حاصل کر کے ہی سفر کا فیصلہ کریں۔ نشیبی علاقوں اور دریا کے کنارے آباد بستیوں کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق 25 جون سے جاری مون سون بارشوں کے نتیجے میں اب تک 40 افراد جاں بحق اور 62 زخمی ہوئے ہیں، جن میں سب سے زیادہ ہلاکتیں شمالی وزیرستان (11)، سوات (9)، مردان (7) اور چارسدہ (6) میں ہوئیں۔
سیلاب سے 174 اسکولز اور 52 گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔
پی ڈی ایم اے اور تمام متعلقہ ادارے ہائی الرٹ ہے اور صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے بارشوں کا حالیہ سلسلہ 17 جون تک برقرار رہے گا اور آئندہ ھفتے بھی بارش کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخواانفارمیشن کمیشن میں سرکاری اداروں کے خلاف شہریوں کی شکایات کی سماعت
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کاکول میں 36 ملی میٹر، پٹن میں 26، بالاکوٹ میں 24، چرات میں 15، مالم جبہ میں 8، کالام میں 6، سیدو شریف میں 4 اور تخت بھائی میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ جنوبی اضلاع بنوں اور ڈی آئی خان میں درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔





