پشاور: سابق رکن صوبائی اسمبلی ثمر ہارون بلور نے کوہستان کرپشن سکینڈل کو صرف مالی بدعنوانی نہیں بلکہ ریاستی بے حسی کا واضح ثبوت قرار دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جہاں بنیادی سہولیات جیسے سڑکیں، سکول، ہسپتال اور پل نہیں بنائے گئے، وہاں اربوں روپے کے جعلی اخراجات دکھا کر مہنگی گاڑیاں اور محلات بنائے گئے، جو سیاسی سرپرستی کے بغیر ممکن نہیں تھا۔
ثمر بلور نے پختون ڈیجیٹل پوڈکاسٹ میں تحریک انصاف کے کارکن عرفان سلیم کی بھی تعریف کی اور کہا کہ عمران خان ایک لیڈر ضرور ہیں، مگر عرفان سلیم جیسے وفادار کارکن تحریک انصاف کی اصل طاقت ہیں۔
ثمر ہارون کے مطابق پشاور میں ان جیسے ورکر کی مثال نہیں ملتی، اور ان کی محنت کو نظر انداز کرنا ناانصافی ہے۔
سابق رکن اسمبلی نے پارٹی کے اندرونی اختلافات پر بھی بات کی اور کہا کہ تحریک انصاف کو نقصان زیادہ اپنے اندرونی اختلافات کی وجہ سے ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں یقین نہیں کہ سینیٹ امیدواروں کی فہرست عمران خان کی مرضی کے بغیر فائنل کی گئی ہو۔
یہ بھی پرھیں : ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کی سزائے موت ختم کرنے کی تجویز، معاملہ کابینہ کمیٹی کے سپرد، طارق وحید
ثمر ہارون نے فواد چوہدری کے 50 کروڑ روپے کے انکشافات کے باوجود اعظم سواتی کو سینیٹ امیدوار بنانے پر سوال اٹھایا اور کہا کہ عمران خان کو صرف دوسروں کی کرپشن نظر آتی ہے۔
انہوں نے خطے کی صورتحال پر بھی گفتگو کی اور کہا کہ غیرجانبدار عالمی حلقے پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی میں پاکستان کی کامیابی کی تصدیق کر چکے ہیں۔ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیانات کو پاکستان کی فتح پر مہر قرار دیا۔ا





