عدالتی حکم پر مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین کا حلف لیکرکوئی غیر قانونی کام نہیں کیا، گورنر کے پی

عدالتی حکم پر مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین کا حلف لیکرکوئی غیر قانونی کام نہیں کیا، گورنر کے پی

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین سے حلف لینا مکمل طور پر پشاور ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں کیا گیا، اور اس عمل میں کسی قسم کی غیر قانونی کارروائی نہیں کی گئی۔

قومی اخبار (روزنامہ پاکستان ویب سائٹ)کے مطابق گورنر ہاؤس پشاور میں مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین کی تقریب حلف برداری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ وہ آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔ اُنہوں نے واضح کیا کہ عدالت کی ہدایت پر عمل درآمد کرتے ہوئے اراکین اسمبلی سے حلف لیا گیا، جس پر اعتراض بلاجواز ہے۔

انہوں نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آج کورم کی نشاندہی کرکے نئی کہانی شروع کی گئی، لیکن یاد رکھنا چاہیے کہ کل کو یہی رویہ خود ان کے خلاف بھی استعمال ہوسکتا ہے۔

گورنر نے کہا کہ ماضی میں بھی حلف برداری کی تقریبات گورنر ہاؤس میں منعقد ہوتی رہی ہیں، جن میں پی ٹی آئی کے وزراء اور علی امین گنڈاپور جیسے رہنما بھی شریک ہوتے رہے۔

فیصل کریم کنڈی نے عندیہ دیا کہ اپوزیشن اور آزاد امیدواروں کے ساتھ مل کر سینیٹ کی 6 سے 7 نشستیں جیتی جا سکتی ہیں، اور اس مقصد کے لیے افہام و تفہیم کا عمل جاری ہے۔

گورنر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی خود اپنے مفادات کے لیے سڑکوں پر آتی رہی ہے، مگر اب عوام اُن سے سوال کر رہے ہیں کہ وہ جلوس کہاں گئے جن کا دعویٰ کیا گیا تھا۔

Scroll to Top