دوسرا ٹی ٹونٹی :بنگلہ دیش نے پاکستان کوشکست دیدی

دوسرا ٹی ٹوئنٹی: بنگلہ دیش نے پاکستان کو 8 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لیڈھاکا کے شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے میچ میں میزبان بنگلہ دیش نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 8 رنز سے شکست دے کر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔134

رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لائن ابتدا سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور صرف 15 کے مجموعی اسکور پر ابتدائی پانچ بیٹرز پویلین لوٹ چکے تھے۔ محمد حارث، محمد نواز اور حسن نواز بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، جب کہ صائم ایوب نے ایک اور فخر زمان نے آٹھ رنز کی اننگز کھیلی۔

کپتان سلمان علی آغا 9 اور خوشدل شاہ 13 رنز کے ساتھ کچھ مزاحمت کی کوشش کرتے دکھائی دیے، تاہم 47 رنز پر 7 وکٹیں گرنے کے بعد پاکستان کی شکست تقریباً یقینی ہو چکی تھی۔

اسی نازک موقع پر آل راؤنڈر فہیم اشرف اور نوجوان فاسٹ بولر عباس آفریدی نے آٹھویں وکٹ کے لیے 41 رنز کی اہم شراکت قائم کر کے میچ میں جان ڈال دی۔ عباس 19 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے، مگر فہیم اشرف نے 51 رنز کی دلیرانہ اننگز کھیل کر جیت کی امید برقرار رکھی۔

احمد دانیال، جو اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیل رہے تھے، نے بھی 11 گیندوں پر 17 رنز بنا کر ایک متاثر کن ڈیبیو کیا، لیکن آخری اوورز میں دونوں سیٹ بیٹرز کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان 125 رنز پر ڈھیر ہو گیا۔

بنگلہ دیش کی جانب سے شوریف الاسلام تین وکٹوں کے ساتھ نمایاں رہےجبکہ تنظیم حسن اور مہدی حسن نے دو، دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ مستفیض الرحمان اور رشاد حسین نے بھی ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل بنگلہ دیش نے ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 133 رنز بنائے۔ جاکر علی نے 55 اور مہدی حسن نے 33 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو قابل دفاع مجموعہ فراہم کیا۔ بنگلہ دیش کے آٹھ کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکے۔

احمد دانیال نے بولنگ میں بھی متاثر کن آغاز کرتے ہوئے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور بیٹنگ میں بھی ہمت دکھا کر اپنا ڈیبیو یادگار بنا دیا۔ ان کی کوشش کے باوجود پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز جاکر علی کو ان کی 55 رنز کی میچ وننگ اننگز پر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : علی امین گنڈا پور کا سی ایم ایچ پشاور کا دورہ، ڈی پی او ہنگو خالد خان کی عیادت کی

اس فتح کے ساتھ بنگلہ دیش نے سیریز میں 0-2 کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی ہے۔

Scroll to Top