خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں آج سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بند رکھنے کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں، حکام کے مطابق آج ہونے والے پرچے اور امتحانات بھی ملتوی کئے گئے ہیں ۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق پشاور، صوابی، مردان اور نوشہرہ میں سکولوں، کالجوں اور جامعات سمیت تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے آج بند رہیں گے۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر صوابی اور ڈپٹی کمشنر کے مطابق موجودہ حالات کے تناظر میں ضلع بھر کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے آج بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر مردان کے احکامات کے تحت ضلع کے تمام سرکاری و نجی سکولوں، کالجوں اور جامعات میں آج تعطیل ہوگی، اس روز ہونے والے تمام امتحانات اور پرچے بھی منسوخ کردیے گئے ہیں۔
ضلع نوشہرہ میں بھی ڈپٹی کمشنر گوہر زمان نے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق سکولوں، کالجوں اور جامعات میں تدریسی سرگرمیاں معطل رہیں گی، جبکہ مقررہ تاریخ کو ہونے والے تمام امتحانات اور پرچے بھی منسوخ کردیے گئے ہیں۔
متعلقہ حکام اور تعلیمی اداروں کے سربراہان کو جاری کردہ احکامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے، مختلف اضلاع میں تعلیمی اداروں کی بندش سے متعلق ضلعی سطح پر الگ الگ نوٹیفکیشن جاری کیے گئے ہیں۔





