پشاور:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے پشاور میں کمبائنڈ ملٹری اسپتال (سی ایم ایچ) کا دورہ کیا جہاں انہوں نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران زخمی ہونے والے ڈی پی او ہنگو، خالد خان کی عیادت کی۔
خالد خان حالیہ دنوں میں ہنگو میں ایک حساس آپریشن کے دوران دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہو گئے تھے اور اس وقت سی ایم ایچ پشاور میں زیر علاج ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے اسپتال پہنچ کر خالد خان کی خیریت دریافت کی اور ان کی صحت سے متعلق ڈاکٹروں سے معلومات حاصل کیں۔
انہوں نے اسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
علی امین گنڈاپور نے خالد خان کی جرات اور بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ فرنٹ لائن پر رہ کر جس دلیری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کر رہے تھے وہ پوری پولیس فورس کے لیے باعثِ فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی بہادر پولیس کے افسران اور جوانوں پر فخر ہےجو اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بناتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کی تاریخ قربانی، بہادری اور جرات مندی کی بے شمار داستانوں سے بھری پڑی ہے، اور حکومت ایسے افسران کی خدمات کو سلام پیش کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ضیاء اللہ بنگش کا پی ٹی آئی پارلیمنٹرین کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات کے عہدے سے استعفیٰ
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پوری قوم اپنی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔





