پشاور ( محمد اعجاز آفریدی)پیسکو پشاور سرکل نے اپنے حکام پر واضح کردیاہے کہ نئی اے ٹی اینڈ سی پالیسی کے تحت بجلی کی لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہوگیاہے جس کے باعث امن وآمان کی صورتحال خراب ہونے کاخدشہ ہے اسلئے پیسکو پشاور ڈویژن کی رائے ہے کہ موجودہ حالات میں نیا لوڈ مینجمنٹ شیڈول نافذ کرنا مناسب نہیں ہے ، ۔
پیسکو پشاور سرکل کی جانب سے چیف ایگزیکٹو آفیسر پیسکو کے نام جاری کردہ ایک مراسلہ میں درخواست کی گئی ہے کہ فی الحال لوڈ مینجمنٹ کا سابقہ شیڈول ہی جاری رکھا جائے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ نئی اے ٹی اینڈ سی پالیسی کے تحت فیڈرز پر لوڈ شیڈنگ میں اضافہ ہوا ہے جس سے عوام میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے، اور ارکان اسمبلی و ضلعی انتظامیہ کی طرف سے بھی سخت تحفظات موصول ہو رہے ہیں۔
موجودہ گرمی کی شدت میں مستحکم بجلی کی فراہمی کے لیے فیڈرز کے درمیان لوڈ کو ایڈجسٹ کیا جا رہا ہے تاہم اس وقت فیڈرز کی اصل اے ٹی اینڈسی شرح کا درست اندازہ لگانا ممکن نہیں۔
مراسلے میں کہا گیاہے کہ تمام ایکس ای اینز اورسب ڈویژنل آفیسرز کی مشاورت سے یہ رائے سامنے آئی ہے کہ موجودہ حالات میں نیا لوڈ مینجمنٹ شیڈول نافذ کرنا مناسب نہیں ہماری طرف سے تجویز ہے کہ پیسکو کے بہترین مفاد میں پرانا شیڈول ہی برقرار رکھا جائے تاکہ عوامی اطمینان اور سسٹم کا توازن قائم رکھا جا سکے۔





