12 نامزد اضلاع ترقیاتی انقلاب اور پائیدار امن کی طرف گامزن: اے آر ڈی سی کا  اہم اجلاس کل پشاور میں ہوگا، کور کمانڈر پشاور سمیت اعلیٰ حکام شرکت کریں گے

خیبر پختونخوا کے 12 نامزد اضلاع میں قیامِ امن، ترقیاتی منصوبوں اور انتظامی اصلاحات پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے علاقائی نمائندہ و ترقیاتی کونسل (اے آر ڈی سی) کا اہم اجلاس کل، 26 نومبر کو پشاور میں ہوگا۔

قبائلی عمائدین پر مشتمل کونسل کے پشاور میں ہونے والے اس تیسرے اجلاس میں کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نعیم اختر، 12 نامزد اضلاع کے ایڈمنسٹریٹر یحییٰ اخونزادہ اور دیگر اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔

اجلاس میں امن و امان کی مجموعی صورتِ حال، جاری ترقیاتی منصوبوں اور انتظامی اصلاحات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا جائے گا، جبکہ 180 دنوں میں 100 اہداف کے حصول کے حکومتی منصوبے پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

قبائلی عمائدین کو نامزد اضلاع میں صحت اور تعلیم کے شعبوں کی بہتری کے لیے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا جائے گا، جبکہ کونسل کے اراکین سے جاری انتظامی اصلاحات اور ترقیاتی اقدامات کے حوالے سے آرا اور تجاویز بھی حاصل کی جائیں گی۔

اجلاس میں 12 نامزد اضلاع کو درپیش مسائل، ان کے پائیدار حل اور قیامِ امن و ترقیاتی عمل میں مقامی آبادی کی شمولیت بڑھانے کے حوالے سے قبائلی عمائدین سے مشاورت کی جائے گی۔

اجلاس کا بنیادی مقصد حکومت اور مقامی نمائندوں کے درمیان رابطوں اور مشاورتی عمل کو مزید مؤثر بنانا، پائیدار امن کا قیام، ترقیاتی عمل میں تیزی اور بہتر طرزِ حکمرانی کو یقینی بنانا ہے۔

Scroll to Top