اسلام آباد: سابق وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل سے ایک اہم پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے ساتھ سیاسی بنیادوں پر تاریخ کی بدترین زیادتیاں کی جا رہی ہیں۔
بانی پی ٹی آئی نے نواز شریف کی کرپشن کے باوجود انہیں ہر سہولت دیے جانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی اہلیہ بشرٰی بیگم کو جیل میں غیر انسانی سلوک کا سامنا ہے۔
بانی پی ٹی آئی نے وضاحت کی کہ انہیں وضو کے لیے دیا جانے والا پانی گندا اور مٹی والا ہوتا ہے، کتابیں اور میڈیا تک ان کی رسائی بند ہے اور بنیادی انسانی حقوق بھی پامال کیے جا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جیل میں سیاسی ملاقاتوں پر پابندیاں عائد ہیں اور بچوں سے رابطے کی اجازت نہیں دی جاتی۔
سابق وزیر اعظم نے پارٹی کے تمام اراکین سے اپیل کی کہ وہ اپنے اختلافات فوراً ختم کرکے 5 اگست کی تحریک پر توجہ مرکوز کریں، کیونکہ ان کے مطابق موجودہ وقت میں تحریک کا کوئی مومینٹم نظر نہیں آ رہا۔ انہوں نے کہا کہ گروہ بندی کرنے والوں کو پارٹی سے نکال دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : 5 اگست سے ملک گیر تحریک کے لیے علی امین گنڈاپور کی نئی حکمت عملی سامنے آ گئی
بانی پی ٹی آئی نے عدلیہ کی آزادی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم نے عدلیہ کو مفلوج کر دیا ہے، اور سیاہ فیصلے ملک و قوم کے خلاف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عدلیہ کی آزادی کے بغیر ملک کا مستقبل ممکن نہیں۔





