ٹک ٹاک نے پاکستان میں کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی پر ویڈیوز کی بڑی تعداد ہٹا دی

ٹک ٹاک نے سال 2025 کی پہلی سہ ماہی میں پاکستان میں تقریباً 24.95 لاکھ ویڈیوز کو کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی پر ڈیلیٹ کر دیا ہے۔

کمپنی کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان میں سے 99.4 فیصد ویڈیوز کو خودکار نظام کے ذریعے ہٹایا گیا، جبکہ 95.8 فیصد ویڈیوز کو 24 گھنٹوں کے اندر ہی پلیٹ فارم سے حذف کر دیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق جنوری سے مارچ 2025 کے دوران دنیا بھر میں ٹک ٹاک نے 211 ملین ویڈیوز کو کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کی بنیاد پر ہٹایا، جو کل اپ لوڈ کی گئی ویڈیوز کا تقریباً 0.9 فیصد بنتا ہے۔

ڈیلیٹ کی گئی ویڈیوز میں سے 184.3 ملین کو خودکار نظام نے شناخت کرکے حذف کیا، جن میں سے 7.5 ملین ویڈیوز کو مزید جانچ پڑتال کے بعد بحال بھی کیا گیا۔

ٹک ٹاک کے مطابق روزانہ کروڑوں ویڈیوز اپ لوڈ ہوتی ہیں، جن کی نگرانی کمیونٹی گائیڈ لائنز کے مطابق کی جاتی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ 99 فیصد مواد پیشگی ہی حذف کر دیا جاتا ہے، جبکہ 94.3 فیصد ویڈیوز کو 24 گھنٹوں کے اندر ہٹایا جاتا ہے۔

حذف شدہ ویڈیوز میں سے 30.1 فیصد حساس یا بالغ موضوعات پر مبنی تھیں، 11.5 فیصد ویڈیوز پلیٹ فارم کے تحفظ اور شائستگی کے اصولوں کی خلاف ورزی کرتی تھیں، اور 15.6 فیصد ویڈیوز پرائیویسی اور سیکیورٹی قوانین کی خلاف ورزی کی بنا پر ہٹائی گئیں۔

مزید برآں، 45.5 فیصد ویڈیوز کو غلط معلومات پھیلانے کی وجہ سے ڈیلیٹ کیا گیا، جبکہ 13.8 فیصد ویڈیوز ترمیم شدہ میڈیا یا مصنوعی ذہانت سے تیار شدہ مواد کے طور پر شناخت ہوئیں۔

Scroll to Top