خیبرپختونخوا میں پنشن نظام کی بہتری کی جانب اہم پیش رفت، نئی کمپنی کیساتھ معاہدہ

خیبرپختونخوا میں پنشن نظام کی بہتری کی جانب اہم پیش رفت، نئی کمپنی کیساتھ معاہدہ

خیبرپختونخوا حکومت نے پنشن اصلاحات کے سلسلے میں اہم قدم اٹھاتے ہوئے نجی انشورنس کمپنی کے ساتھ کنٹریبیوٹری پروویڈنٹ فنڈ (CPF) اسکیم کے تحت معاہدہ کر لیا ہے۔ اس معاہدے کے بعد اسکیم میں شامل فنڈ مینیجرز کی تعداد 13 ہو گئی ہے۔

نجی ٹی وی چینل (سما نیوز)کیمطابق معاہدے پر دستخط سیکرٹری خزانہ نے مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم کی زیر نگرانی کیے۔ اس موقع پر مزمل اسلم نے کہا کہ حکومت سی پی ایف اسکیم کو وسعت دے کر پنشن نظام کو مزید مستحکم بنا رہی ہے، تاکہ سرکاری ملازمین کے مالی مستقبل کو یقینی بنایا جا سکے۔

مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ 2022 میں متعارف کرائی گئی یہ اسکیم خیبرپختونخوا کی ایک بڑی اصلاحات میں سے ہے، جس کے تحت اب تک 59 ہزار سے زائد سرکاری ملازمین کو رجسٹر کیا جا چکا ہے۔ اسکیم کی اہم خصوصیت یہ ہے کہ اس کے فنڈز کی سرمایہ کاری آؤٹ سورس کی جاتی ہے، اور صرف انہی کمپنیوں میں کی جاتی ہے جو رجسٹرڈ اور پیشہ ورانہ فنڈ مینجمنٹ کے اعلیٰ معیار پر پورا اترتی ہیں۔

مشیر خزانہ نے مزید بتایا کہ یہ اسکیم مشترکہ شراکت داری کے اصول پر مبنی ہے، جس میں ملازم اپنی بنیادی تنخواہ کا 10 فیصد جبکہ حکومت 12 فیصد حصہ ماہانہ طور پر جمع کراتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ماڈل نہ صرف شفافیت کو یقینی بناتا ہے بلکہ سرکاری ملازمین کی ریٹائرمنٹ کے بعد کی زندگی کے لیے مالی تحفظ فراہم کرتا ہے۔

مزمل اسلم نے کہا کہ اب تک 12 لائسنس یافتہ کمپنیوں سے معاہدے کیے جا چکے تھے، جبکہ حالیہ معاہدے کے بعد کمپنیوں کی تعداد 13 ہو گئی ہے، جو حکومت کے پنشن نظام میں شفافیت، مسابقت اور استحکام کی واضح علامت ہے۔

Scroll to Top