پشاور(سلمان یوسفزئی )خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر مشاورت کے لیے جماعت اسلامی نے 30 جولائی کو د امن غگ کے عنوان سے پشاور میں ایک امن جرگہ منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اس سلسلے میں جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے ضلعی ذمہ داران کا اجلاس منعقد ہوا جس میں جرگے کی تیاریوں اور سوشل میڈیا حکمت عملی پر مشاورت کی گئی اور صوبے بھر میں سوشل میڈیا ٹیموں کو متحرک کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
جماعت اسلامی خیبرپختونخوا وسطی کے امیر عبدالواسع کا کہنا تھا کہ امن کی بحالی اس وقت صوبے کا سب سے بڑا مسئلہ بن چکی ہے اور بدامنی سے ہر فرد متاثر ہو رہا ہے۔
ان کے مطابق کاروباری سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہوئی ہیں اور عوام کو درپیش بیشتر مسائل کی جڑ صوبے میں جاری بدامنی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : راشد حسین شہید کی برسی قومی امن جرگے کے بعد منائی جائے گی، میاں افتخار حسین
امن جرگہ پشاور کے گل مکئی شادی ہال، نزد نادرن بائی پاس میں منعقد ہوگا، جس میں سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین و کارکنان، علمائے کرام، وکلا، تاجر تنظیموں، چیمبر آف کامرس، صحافیوں اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی شرکت متوقع ہے۔





