ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا دورۂ پاکستان مؤخر کردیا گیا

ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا دورۂ پاکستان مؤخر کردیا گیا

ایران کے نو منتخب صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کا رواں ہفتے شیڈول پاکستان کا سرکاری دورہ مؤخر کر دیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل (سما نیوز )کیمطابق دفتر خارجہ کے مطابق دونوں ممالک اس سلسلے میں رابطے میں ہیں اور دورے کی نئی تاریخ جلد طے کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق ایرانی صدر کا یہ دورہ ان کے عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلا علاقائی دورہ ہونا تھا، جس میں باہمی تعلقات، تجارتی تعاون، سرحدی سلامتی اور توانائی سمیت اہم امور پر بات چیت متوقع تھی۔ تاہم بعض سفارتی اور انتظامی وجوہات کی بنا پر یہ دورہ فی الحال ملتوی کر دیا گیا ہے۔

دفتر خارجہ کے حکام کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور تہران کی وزارتِ خارجہ اس معاملے پر قریبی رابطے میں ہیں، اور دورے کی نئی تاریخوں کے تعین پر بات چیت جاری ہے۔

دونوں ممالک کے درمیان حالیہ برسوں میں سفارتی و تجارتی تعلقات میں پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے، خاص طور پر سرحدی مارکیٹس کے قیام، توانائی تعاون اور علاقائی سلامتی کے امور پر باہمی ہم آہنگی بڑھ رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق ایرانی صدر کے دورے کی نئی تاریخ کا باضابطہ اعلان جلد متوقع ہے، اور پاکستان اس دورے کو دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے اہم موقع قرار دے رہا ہے۔

Scroll to Top