خیبرپختونخوا کے حساس ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کرفیو کے نفاذ میں توسیع کر دی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اتوار، 27 جولائی کو بھی پورے شمالی وزیرستان میں کرفیو نافذ رہے گا۔
حکام کے مطابق کرفیو کا اطلاق صبح 5 بجے سے شام 7 بجے تک ہوگا، اس دوران تمام مین شاہراہیں عام ٹریفک کے لیے بند رہیں گی، جبکہ سیکیورٹی فورسز کو مکمل اختیارات حاصل ہوں گے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور ضلعی انتظامیہ سے تعاون کریں۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ کرفیو کا مقصد علاقے میں امن و امان کو یقینی بنانا اور ممکنہ خطرات سے شہریوں کو محفوظ رکھنا ہے۔ واضح رہے کہ شمالی وزیرستان میں گزشتہ روز بھی کرفیو نافذ کیا گیا تھا۔
ضلعی و سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ حالات کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور کرفیو کی مدت میں ممکنہ توسیع کا فیصلہ صورتحال کے مطابق کیا جائے گا۔





