فیصل آباد عدالت کا بڑا فیصلہ،9 مئی مقدمات میں 167 ملزمان کو سزائیں، فواد چوہدری سمیت کئی رہنما بری

انسداد دہشت گردی (اے ٹی سی) کی خصوصی عدالت نے 9 مئی کے مقدمات کا فیصلہ سناتے ہوئے 167 ملزمان کو سزائیں سنادیں۔ عدالت نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز اور پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی۔

قومی اخبار (روزنامہ جنگ ویب سائٹ)کے مطابق عدالت نے حساس ادارے پر حملہ کے کیس میں 185 میں سے 108 ملزمان کو سزا دی ہے جبکہ 77 افراد کو بری کیا گیا ہے۔ اس دوران رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ حامد رضا کو بھی 10 سال قید کی سزا سنائی گئی۔

ادھر فواد چوہدری، زین قریشی، خیال کاسترو، فیض اللہ کموکا، رانا اسد محمود خان، بلال اشرف بسرا، ہارون رشید، عمارہ رشید، صاحبزادہ حسن رضا اور کامران ورک کو اس مقدمے سے بری کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب غلام محمد آباد میں درج 9 مئی کے مقدمے میں 66 ملزمان میں سے 8 کو بری جبکہ 58 کو 10، 10 سال کی سزا دی گئی ہے۔ اس مقدمے میں جنید افضل ساہی کو 3 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

عدالت تھانہ غلام محمد آباد میں درج جلاؤ گھیراؤ کے دوسرے مقدمے کا فیصلہ بھی جلد سنائے گی۔

Scroll to Top