خیبرپختونخوا میں مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی، الرٹ جاری

خیبرپختونخوا میں مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی، الرٹ جاری

خیبرپختونخوا میں 4 سے 7 اگست کے دوران مون سون کی شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے جس کے باعث پی ڈی ایم اے نے صوبے بھر میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق بالائی اور وسطی اضلاع میں گرج چمک، آندھی اور موسلادھار بارشوں کا امکان ہے، ایبٹ آباد، مانسہرہ، سوات، چترال، دیر، پشاور، مردان اور وزیرستان میں سیلابی خطرات بڑھ گئے ہیں، ندی نالوں اور دریاؤں میں طغیانی کے ساتھ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔

شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کے امکانات کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور مناسب حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، چترال، سوات، پنجکوڑہ اور دریائے کابل میں پانی کی سطح بلند ہونے کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ کہ تیز ہواؤں سے کمزور مکانات، بجلی کے کھمبوں اور بورڈز کو نقصان پہنچنے کا خطرہ موجود ہے، تمام اضلاع کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنائیں اور ایمرجنسی سروسز اور خوراک کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔

یہ بھی پڑھیں: ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

پی ڈی ایم اے نے کاشتکاروں، مال مویشی پال حضرات اور سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خطرناک علاقوں سے دور رہیں اور خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں تاکہ جان و مال کا نقصان نہ ہو۔

Scroll to Top