ملک بھر میں کل سے بارشوں کا نیا سلسلہ، سیلابی صورتحال سنگین ہونے کا خدشہ

ملک بھر میں کل سے بارشوں کا نیا سلسلہ، سیلابی صورتحال سنگین ہونے کا خدشہ

ملک بھر میں مون سون کی بارشوں کا نیا سلسلہ 4 اگست سے شروع ہونے جا رہا ہے، جس کے باعث پہلے سے موجود سیلابی صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے شدید بارشوں، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے عوام اور متعلقہ اداروں کو خبردار کر دیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل (دنیا نیوز )کے مطابق محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں کمزور مون سون ہوائیں داخل ہو رہی ہیں، جن کی شدت 4 اگست سے بڑھنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ ایک مغربی سسٹم بھی 5 اگست تک فعال ہونے کی توقع ہے، جو بارش کے سلسلے کو مزید طاقتور بنا دے گا۔

آزاد کشمیر و گلگت بلتستان: مظفرآباد، راولا کوٹ، وادی نیلم، گلگت، سکردو اور دیامر میں 4 سے 7 اگست کے دوران شدید بارشیں متوقع ہیں، جہاں لینڈ سلائیڈنگ اور اچانک سیلاب کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔

خیبرپختونخوا: سوات، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد اور ڈی آئی خان سمیت متعدد اضلاع میں موسلا دھار بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

پنجاب: اسلام آباد، لاہور، راولپنڈی، مری، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ میں نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔جنوبی پنجاب و سندھ: ڈیرہ غازی خان، ملتان اور سندھ کے ساحلی علاقوں میں 6 اگست تک بارش کے باعث معمولات زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

بلوچستان: خضدار، بارکھان اور ژوب سمیت بعض علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے، تاہم کمزور انفرااسٹرکچر کے باعث احتیاط ضروری ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشیں خیبرپختونخوا، شمال مشرقی پنجاب، آزاد کشمیر اور مری و گلیات جیسے پہاڑی علاقوں میں فلیش فلڈنگ، لینڈسلائیڈنگ، سڑکوں کی بندش اور کچے مکانات و بل بورڈز کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور صوبائی ادارے ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ پر ہیں۔

عوام، سیاحوں اور مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور موسمی اپڈیٹس کے لیے محکمہ موسمیات کی سرکاری ویب سائٹ یا ’’پاک ویدر‘‘ ایپ استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

Scroll to Top