5 اگست کو پشاور میں پی ٹی آئی کا پاور شو، احتجاجی ریلی کے تمام انتظامات مکمل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 5 اگست کو خیبرپختونخوا میں بھرپور احتجاج کے لیے تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔

نجی ٹی وی چینل (سنو نیوز)کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت اہم اجلاس میں احتجاجی ریلی کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں شریک پی ٹی آئی رہنماؤں نے فیصلہ کیا کہ 5 اگست کو پشاور میں ایک بڑی احتجاجی ریلی نکالی جائے گی، جو عوامی طاقت کا مظاہرہ ہوگی۔ ریلی کا آغاز شام 4 بجے حیات آباد ٹول پلازہ سے ہوگا، جو رنگ روڈ اور جی ٹی روڈ سے ہوتی ہوئی قلعہ بالا حصار پر اختتام پذیر ہوگی۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ احتجاج کا مقصد مہنگائی، سیاسی انتقامی کارروائیوں اور جمہوری حقوق کی بحالی کے لیے آواز بلند کرنا ہے۔ ریلی میں خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع سے کارکنوں کی بھرپور شرکت متوقع ہے۔

پارٹی قیادت نے ضلعی تنظیموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کارکنوں کو منظم اور متحرک انداز میں ریلی میں شرکت کے لیے تیار کریں۔ پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ 5 اگست کو پشاور ایک بار پھر تحریک انصاف کے سیاسی جوش و خروش کا مرکز بننے جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی اس احتجاج کو پرامن اور آئینی حق قرار دیتے ہوئے اسے حکومت کی جانب سے روا رکھی گئی مہنگائی اور سیاسی دباؤ کے خلاف عوامی ردعمل قرار دے رہی ہے۔

Scroll to Top