صوبائی وزیر زراعت خیبرپختونخوا میجر (ر) محمد سجاد بارکوال نے ضلع کرک میں نئے زرعی تحقیقاتی اسٹیشن غنڈی شہباز خان کی تعمیر کا باقاعدہ سنگِ بنیاد رکھ دیا۔
اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی خورشید خٹک، ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ پلاننگ ایگریکلچر طاہر سجاد، تحصیل ہیڈکوارٹر میئر عظمت خٹک، پی ٹی آئی کے کارکنان محکمہ زراعت کے اعلیٰ افسران، علاقائی عمائدین، کسانوں اور دیگر متعلقہ افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب اپنے خطاب میں صوبائی وزیر زراعت نے منصوبے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا زراعت کے شعبے میں تحقیق و ترقی کو اولین ترجیح دے رہی ہے تاکہ صوبے میں خوراک کی خود کفالت، زرعی پیداوار میں اضافہ اور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ زرعی تحقیقاتی اسٹیشن احمد والا کرک کی بحالی و توسیع کے تحت عمل میں لایا جا رہا ہے، جس کا مقصد علاقے میں جدید زرعی تحقیق کو فروغ دینا، مقامی کاشتکاروں کو جدید طریقہ کاشت سے روشناس کرانا اور زراعت کے شعبے میں ترقی لانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ تحقیقاتی اسٹیشن مقامی کسانوں کیلئے ایک تربیتی مرکز کے طور پر کام کرے گا جہاں زرعی مسائل کے حل اور جدید تحقیق پر مبنی رہنمائی فراہم کی جائے گی۔
وزیر زراعت کا کہنا تھا کہ آپ لوگوں سے وعدہ ہے کہ ان پوسٹوں پر اسی علاقے کے لوگوں کو بھرتی کیا جائے گا تاکہ مقامی سطح پر روزگار کے مواقع میسر آئیں اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں شامل کیا جا سکے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ اسٹیشن نہ صرف جدید تحقیق کا مرکز ہوگا بلکہ پورے ضلع کرک کو پھل اور سبزیاں فراہم کرنے کا ایک بڑا ذریعہ بھی بنے گا۔ یہاں پر بڑی بڑی نرسریاں قائم کی جائیں گی اور تحقیقی سرگرمیاں انجام دی جائیں گی۔ ٹیکنیکل، انجینئرنگ، سائل کنزرویشن سمیت ہر محکمے کے ماہرین یہاں خدمات سرانجام دیں گے تاکہ کسانوں کو درپیش تمام تر مسائل کا حل فراہم کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں یومِ شہدائے پولیس عقیدت و احترام سے منایا گیا
وزیر زراعت نے اس بات پر زور دیا کہ یہاں ان اقسام کے پودے، پھل اور سبزیاں فراہم کی جائیں گی جن کی پیداوار زیادہ ہو اور جو مقامی موسم و زمین کے مطابق زیادہ مؤثر ثابت ہوں۔





