فیلڈ مارشل عاصم منیر اور مالدیپ کے صدر کی اہم ملاقات، دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور مالدیپ کے درمیان عسکری روابط اور سیکیورٹی شراکت داری کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گیا ہے۔ مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے اسلام آباد میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ایک اعلیٰ سطح کی اہم ملاقات کی جس میں خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال، دفاعی تعاون کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاک-مالدیپ دفاعی تعلقات، پیشہ ورانہ تبادلوں اور دونوں ممالک کے عسکری اداروں کے درمیان روابط کو مزید مستحکم اور مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور مالدیپ کے درمیان دہائیوں پر محیط دیرینہ اور خوشگوار تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان تعمیری روابط اور باہمی تعاون کے ذریعے پورے خطے میں پائیدار امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایران امریکہ کشیدگی، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دورۂ ایران، عالمی برادری کی نظریں جم گئیں

مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے پاکستان کی مسلح افواج کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ مہارت کو زبردست الفاظ میں سراہا۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ خطے میں امن و امان کی بحالی اور استحکام کے لیے پاکستان کی مسلح افواج اور قیادت کا کردار انتہائی اہم اور قابلِ تحسین ہے۔

Scroll to Top